پاکستان ۔کورونا وبا سے مزید 150 افراد جاں بحق، 1 لاکھ 94 ہزار مرض میں مبتلا

 

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 150 سے زائد مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اس وائرس سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 3 ہزار 931 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 21 ہزار 835 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 11 لاکھ 71 ہزار 976 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 44 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 678 ہو گئی جن میں سے 82 ہزار 926 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 75 ہزار 168، پنجاب میں 71 ہزار 191، خیبر پختونخوا میں 24 ہزار303، بلوچستان میں 9 ہزار 946، اسلام آباد میں 11 ہزار 710، آزادکشمیر میں 962 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 398 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 602 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 161، خیبر پختونخوا میں 869، اسلام آباد میں 115، گلگت بلتستان میں 23، بلوچستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 25 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

This site is protected by wp-copyrightpro.com