ترک عوام امریکی ڈالر چھوڑیں، بچت لیرا میں کریں: ایردوآن کا مطالبہ
استنبول سے منگل چھبیس نومبر کو ملنے والی جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے انقرہ میں ملکی پارلیمان میں ہونے والے اپنی جماعت اے کے پی کے پارلیمانی ارکان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”ترکی کے تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے نجی مالیاتی وسائل کو زرمبادلہ میں رکھنے کے بجائے ملکی کرنسی میں تبدیل کرا لیں۔‘
صدر ایردوآن کے بقول ترک عوام کو ایسا قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے اجتماعی اظہار کے لیے بھی کرنا چاہیے تاکہ ان کے اپنے ملک کی کرنسی مزید مضبوط ہو۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا، ”میں ترک قوم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیوں کو چھوڑ دیں۔ ہم سب کو واپس اپنے ملک کی کرنسی کی طرف لوٹنا چاہیے، ٹرکش لیرا کی طرف۔